کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی حکومت پاکستان مخالفت اور کھیل دشمنی میں اتنی آگے جاچکی ہے کہ اس نے کرکٹ کے بعد بھارتی کبڈی ٹیم کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی۔ جبکہ اپنی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو بھی تاحال این او سی جاری نہیں کیا ہے۔ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو 23 نومبر سے پاکستان میں بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنی ہے۔ پاکستان اور بھارت کی کبڈی ٹیموں کے درمیان کرتار پور، گجرات اور لاہور میں کبڈی میچ رکھے گئے تھے ، پہلا میچ 19 نومبر کو کرتار پور میں کھیلا جانا تھا۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری محمد سرور نے بتایا کہ بھارتی کبڈی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انہیں اجازت نہیں ملی ہے۔ اب پاکستان کے کھلاڑیوں کے درمیان کرتار پور میں نمائشی میچ کھیلا جائے گا۔