• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ٹوئنٹی سیریز آج سے شروع، پاکستان کیلئے آسٹریلیا میں جیت کا مزہ ڈبل کرنے کا موقع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلین میدانوں میں ایک روزہ سیریز میں شان دار کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم جمعرات سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اپنی قسمت آزمائے گی۔ نسبتاً کمزور ہوم سائیڈ کے خلاف گرین شرٹس کو سیریز جیت کر مزہ ڈبل کرنے کا سنہری موقع ہے۔ کینگروز کو مچل اسٹارک، جوش ہیز ل ووڈ، مستقل کپتان مچل مارش اور اوپنر ٹریوس ہیڈ کی خدمات حاصل نہیں۔ محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرنے والے 12 ویں کپتان ہونگے۔ تاہم میچ کے بارش سے متاثر ہونے کی پیش گوئی کی جارہی ہے، میچ جمعرات کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شیڈول ہے۔ برسبین کے محکمہ موسمیات نے دوپہر ایک بجے سے پورے دن بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔اس فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں آخری بار مارچ 2022 میں لاہور میں آمنے سامنے آئی تھیں جس میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی تھی۔ جوش انگلس سیریز میں آسٹریلیا کی قیادت کریں گے۔ کپتان محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی جیت کیلئے پرعزم ہیں۔ بدھ کو برسبین میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں سیریز آسان نہیں ہے، کوشش ہو گی کہ پاکستان کی جیت کے لیے جو بہتر ہو اسے ٹیم میں شامل کیا جائے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتے ہیں تو چیلنجزآتے ہیں۔ پلیئنگ الیون پر کچھ چیزیں سیکریٹ ہیں، ہمیشہ مشورے کے ساتھ کھیلتا ہوں، جو ٹیم کیلئے بہتر ہوگا وہ فیصلے کریں گے۔ مختلف کھلاڑیوں کے رول کا تعین کیا ہے اور نہ صرف اس سیریز میں بلکہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ وائٹ بال میچز میں بھی اپنے بہترین منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے منتظر ہیں۔ دورے پر اب تک کنڈیشنز نے بولرز کی مدد کی ہے لیکن ہم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایک بیٹنگ یونٹ کے طور پر اپنی صلاحیت کو بھی ثابت کرنا چاہتے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید