پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ایک بار پھر تیر چل گیا، عوام نے ایک بار پھر نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کرکے بلا امتیاز عوامی خدمت کو چُنا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور سے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، جنرل سیکریٹری وقار مہدی اور کوآرڈینیشن سیکریٹری نعمان شیخ نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی۔
اس موقع پر کراچی سمیت سندھ بھر میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پی پی پی کی کامیابیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ایک بار پھر تیر چل گیا، بی بی شہید کے جیالے جیت گئے، تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد اور جیالوں کو شاباش۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بلدیاتی ضمنی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، عوام نے ایک بار پھر نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کرکے بلا امتیاز عوامی خدمت کو چُنا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کا بڑے مارجن سے جیت کر سوئپ کرنا تاریخی پیشرفت ہے، یقین ہے کہ پیپلز پارٹی کے نومنتخب بلدیاتی نمائندے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی شازیہ مری کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں شاندار کامیابی بلاول بھٹو کے وژن اور پیپلز پارٹی کی کارکردگی پر اعتماد کا مظہر ہے۔