سوشل میڈیا پر شہرت پانے والے برطانوی پاکستانی شوقین گلوکار کاشف رانا المعروف چاہت فتح علی خان اور معروف پنجاب ریپر گلوکار بوہیمیا کی ویڈیو کال کی سوشل میڈیا پر دھوم مچ گئی۔
حال ہی میں میڈیم نور جہاں کے مشہور گانے ’بدو بدی‘ کو مضحکہ خیز انداز میں پیش کرنے کے بعد چاہت فتح علی خان نے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کر لی ہے۔
اس کے بعد بھارتی مشہور گانے ’توبہ توبہ‘ کے ری میک نے بھی ان کی مقبولیت میں اضافہ کیا ہے۔ تاہم اب انہوں نے معروف پنجاب ریپر بوہیمیا کی توجہ بھی حاصل کر لی ہے۔
ان دنوں بوہیمیا لندن کے دورے پر ہیں جہاں ان کی اور چاہت فتح علی خان کے ویڈیو کال پر گفتگو ہوئی ہے۔
دورانِ ویڈیو کال چاہت فتح علی خان نے بدو بدی کا اپنا ورژن بوہیمیا کو سنا کر داد وصول کی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بوہیمیا کسی ریسٹورنٹ میں چند لوگوں کے ساتھ بیٹھے ہیں جبکہ ویڈیو کال پر چاہت فتح علی خان انہیں ’بدو بدی‘ سمیت دیگر گانے بھی سُنا رہے ہیں۔
اس موقع پر چاہت فتح علی خان نے اپنے مخصوص انداز میں بوہیمیا کو ایک شعر بھی سنایا، جسے سننے کے بعد پنجابی ریپر نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ دوستو! ہمارا نیا گانا آ رہا ہے بوہیمیا بوم۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کال کی مختلف ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں اور ان کی گفتگو سے لطف اندوز بھی ہو رہے ہیں۔