• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چاہت فتح کے ’بدوبدی‘ پر ماضی کی اداکارہ ممتاز ناراض، بیٹے کا مختلف مؤقف


ماضی کی معروف اداکارہ ممتاز مزاحیہ گلوکاری سے سوشل میڈیا پر شہرت پانے والے برطانوی پاکستانی گلوکار چاہت فتح علی خان سے نالاں ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ نے دیے گئے ایک انٹرویو میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چاہت فتح علی خان نے ان کے گانے ’بدو بدی‘ کا مذاق اُڑایا ہے۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ اگر چاہت اس گانے کو گانا سمجھ کر گاتے، مذاق نہ اُڑاتے تو میں آج ان کی تعریف کرتی لیکن انہوں نے اتنے سُپر ہٹ گانے کا مذاق اُڑایا ہے۔

ممتاز کے مطابق اس گانے کی وجہ سے فلم ہٹ ہوئی تھی، اس گانے کی اتنی ڈیمانڈ تھی کہ جب سنیما میں فلم لگتی تو شروع میں، درمیان اور پھر آخر میں بھی اس گانے کو چلایا جاتا تھا لیکن انہوں نے اتنے مشہور گانے کا مذاق اُڑانا شروع کر دیا، جس کا مجھے بہت دکھ ہے۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود ان کے بیٹے ذیشان باری نے کہا کہ اگر چاہت فتح علی نے یہ کامیڈی نہ کی ہوتی تو یہ گانا دوبارہ منظرِ عام پر شاید نہ آتا، ان کی وجہ سے اس گانے کو نئی زندگی ملی ہے۔

خیال رہے کہ میڈم نور جہاں کی آواز میں ریکارڈ ہونے والا گانا ’بدو بدی‘ اداکارہ ممتاز پر پکچرائز ہوا تھا۔

ہدایت کار اقبال کاشمیری کی فلم ’بنارسی ٹھگ‘ کے اس آئٹم سونگ نے اداکارہ ممتاز کو راتوں رات سُپر اسٹار بنا دیا تھا۔

فلم 28 اکتوبر 1973ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی، جسے شاندار کامیابی ملی تھی۔

اس فلم کے فنکاروں میں فردوس، اعجاز، منور ظریف، الیاس کاشمیری، سلطان راہی، زمرد اور ممتاز شامل ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید