بھارتی گلوکار کرن اوجلا نے پاکستانی مزاحیہ گلوکار و یوٹیوبر چاہت فتح علی خان کے سامنے ہاتھ جوڑ لیے۔
چاہت فتح علی خان نے حال ہی میں بھارتی فلم ’بیڈ نیوز‘ کے مشہور گانے ’توبہ توبہ‘ کو اپنے عجیب و غریب انداز میں پیش کیا ہے۔
جب لندن میں ’جیو نیوز‘ کے نمائندے مرتضیٰ علی شاہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر چاہت فتح علی خان کے اس نئے گانےکی ویڈیو پوسٹ کی تو بھارتی گلوکار کرن اوجلا خود کو اس پر اپنا ردعمل دینے سے روک نہیں سکے۔
اُنہوں نے اس پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں چاہت فتح علی خان سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کی کہ ’براہ مہربانی، انکل ایسا نہ کرو‘۔
یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور اس پر صارفین کی جانب سے بھی دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
اس گانے کو بھارتی اداکار وکی کوشل کی فلم ’بیڈ نیوز‘ کے لیے اصل میں بھارتی گلوکار کرن اوجلا نے گایا تھا اور اسے بہت مقبولیت بھی ملی تھی۔
گانے پر وکی کوشل کے ڈانس سے فلمی شائقین اور بھی زیادہ متاثر ہوئے اور اس پر بے شمار ریلز بھی بنائی گئیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس گانے پر ریلز بنانے کا سلسلہ اب تک جاری ہے۔