سکھر (بیورو رپورٹ) ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2016ء کے نتائج کا اعلان کردیا۔ سائنس گروپ میں طلبا طالبات پر بازی لے گئے۔مجموعی طور پر پہلی تینوں پوزیشنوں میں دو پوزیشنیں لڑکوں اور ایک پوزیشن طالبہ نے حاصل کی۔ ناظم امتحانات تعلیمی بورڈ سکھر عبدالسمیع سومرو نے میٹرک کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا ، اس موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ سید مجتبیٰ شاہ، ڈپٹی کنٹرولر محمد رفیق پلھ، غلام قادر دھاریجو سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ناظم امتحانات نے بتایا کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات کے سائنس گروپ میں ایور شائن ہائیر سیکنڈری اسکول رانی پور کے آکاش علی جونیجو نے 780مارکس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی،مظہر مسلم ماڈل ہائیرسیکنڈری اسکول رانی پور کی شگفتہ ناز نے 772کے ساتھ دوسری جبکہ کیڈٹ کالج گھوٹکی کے سمیع اللہ تھیم نے 765مارکس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی،طلبا میں ایور شائن ہائیر سیکنڈری اسکول رانی پور کے آکاش علی جونیجو نے 780مارکس کے ساتھ پہلی، کیڈٹ کالج گھوٹکی کے سمیع اللہ تھیم نے 765مارکس کے ساتھ دوسری ، اپوا اسکول سکھر کے محمد یوسف نے 763مارکس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی اورطالبات میں مظہر مسلم ماڈل اسکول رانی پور کی شگفتہ ناز نے 772کے ساتھ پہلی، دی ایجوکیشن اسکول گھوٹکی کی عمیمہ فاطمہ نے 761مارکس کے ساتھ دوسری ، گورنمنٹ سینٹ ٹیئرس اسکول خیرپور کی نایاب نے760 مارکس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سائنس گروپ میں سکھر تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام گھوٹکی،خیرپور،نوشہروفیروز اور سکھر میں مجموعی طور 51ہزار372امیدواروں نے امتحانات کے فارم بھرے جن میں سے51ہزار365امیدواروں نے امتحانات میں حصہ لیا۔38ہزار632امیدوار پاس ہوئے اور12ہزار281فیل قرار پائے ، 2903طلبا وطالبات اے ون گریڈ میں،10139اے گریڈ، 11811بی گریڈ، 10253سی گریڈ، 3496ڈی گریڈ، 30 ای گریڈمیں پاس ہوئے جبکہ 152امیداروں کے نتائج مختلف وجوہات کی بنیاد پر روک لئے گئے۔طلباء میں کامیابی کا تناسب 72.67فیصد اور طالبات میں کامیابی کا تناسب 81.35فیصد رہا، مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 75.21 رہا جبکہ جنرل گروپ میں مجموعی طور پر 3ہزار201امیدواروں نے امتحانات میں حصہ لیا، 2ہزار399پاس،707فیل قرار پائے، جنرل گروپ میں طلبہ میں کامیابی کا تناسب74.20 ، طالبات میں کامیابی تناسب 80.90فیصد اورمجموعی تناسب 74.95فیصد رہا۔چیئرمین تعلیمی بورڈ سید مجتبیٰ شاہ کے مطابق پورے سندھ میں ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر نے سب سے پہلے میٹرک کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔