• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناقابلِ فراموش ملاقات میں شاہ چارلس سے کیا گفتگو ہوئی؟ عدنان صدیقی نے بتادیا


پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار عدنان صدیقی کا شاہ چارلس سوم سے ملاقات کا موقع ملنے پر کہنا ہے کہ جب آپ زندگی میں کسی چیز کی توقع نہیں رکھتے تو اللّٰہ آپ کو بہترین چیز سے نوازتا ہے۔

عدنان صدیقی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں شاہ چارلس سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے تو وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ میں کبھی بکنگھم پیلس جاؤں گا۔ 

اُنہوں نے کہا کہ میرا خیال تھا کہ اگر میں کبھی بکنگھم پیلیس گیا بھی تو شاید ایک سیاح کے طور پر چلا جاؤں گا جو کہ پیلس کے صرف محدود حصّے تک ہی جا سکتے ہیں اور اگر کبھی مجھے پیلس میں کسی تقریب میں مدعو کیا بھی گیا تو یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ شاہ چارلس سے ملاقات کا موقع مل سکے گا۔

اداکار نے بتایا کہ جو کبھی سوچا نہیں تھا وہ ہوا اور بہت زبردست تجربہ رہا، میں پیلس میں جس طرف کھڑا تھا تو اتفاق سے شاہ چارلس اس طرف آگئے اور اُنہوں نے مجھ سے تھوڑی دیر گفتگو کی۔

اُنہوں نے شاہ چارلس سے ہونے والی گفتگو کے بارے میں بتایا کہ شاہ چارلس نے میرے کوٹ پر لگا بیج دیکھ کر مجھ سے پوچھا کہ آپ اداکار ہیں کیونکہ میرے بیج پر’اداکار‘ لکھا تھا تو میں نے اُنہیں بتایا کہ جی، میں اداکار ہوں۔

عدنان صدیقی نے مزید بتایا کہ میرا جواب سننے کے بعد شاہ چارلس نے پوچھا کہ آپ برطانیہ میں ہی رہتے ہیں؟ تو میں نے بتایا کہ نہیں، میں پاکستان سے آیا ہوں پھر اُنہوں نے پوچھا کہ آپ یہاں کسی پروجیکٹ کی شوٹنگ کے لیے آئے ہیں؟ جس پر میں نے اُنہیں بتایا کہ نہیں، میں یہاں ایک فاؤنڈیشن کو سپورٹ کرنے کے لیے آیا ہوں۔

اُنہوں نے بتایا کہ شاہ چارلس کو جب یہ معلوم ہوا کہ میں ٹی سی ایف فاؤنڈیشن کو سپورٹ کرنے آیا ہوں تو اُنہوں نے بہت تعریف کی کہ یہ تو آپ بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔

اداکار نے یہ بھی بتایا کہ میں شاہ چارلس کی ایڈوائزر کے مدعو کرنے پر بکنگھم پیلس گیا تھا۔

اُنہوں نے بتایا کہ شاہ چارلس نے پاکستان کی ثقافت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کی ثقافت تاریخی اور روایتی ہے جو دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے اور پاکستانی گلوکاروں کے برطانیہ میں منعقد ہونے والے کئی کانسرٹس میں برطانوی شاہی خاندان کے افراد نے بھی شرکت کی جو کہ بہت زبردست تھے۔

عدنان صدیقی نے بتایا کہ شاہ چارلس نے ملاقات کے دوران پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید