• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دولہا آن لائن پارٹ 2: سید فرقان حیدر کے آخری شاہکار ڈرامے نے ڈیلس کا دل جیت لیا


ڈیلس، ٹیکساس میں پیش کیا جانے والا اسٹیج ڈرامہ ’دولہا آن لائن پارٹ 2‘ اپنی شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پزیر ہو گیا۔ 

یہ ڈرامہ حبا انٹرٹینمنٹ اور گروپ آف انٹرنیشنل آرٹس کے زیرِ اہتمام پیش کیا گیا، جسے معروف صحافی اویس نصیر نے تخلیق کیا جبکہ پاکستان ٹیلی ویژن کے سابق پروڈیوسر اور ممتاز اسٹیج ڈائریکٹر سید فرقان حیدر نے ڈائریکٹ کیا تھا۔

پلانوں ہال گرینڈ سینئر میں منعقدہ اس پروگرام میں شہر کی نمایاں شخصیات اور شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جو پاکستانی ثقافت اور ہنر کو قریب سے دیکھنے کے لیے یہاں جمع ہوئے تھے۔

ڈرامے کی جان پاکستان سے آئے ہوئے مایہ ناز فنکاروں، صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکارہ زیبا شہناز اور ممتاز اداکار اسلم شیخ کی زبردست اداکاری تھی، جنہوں نے اپنی بے مثال پرفارمنس سے حاضرین کو محظوظ کیا۔

ان کے ساتھ ٹی وی اسٹار شاہدہ مرتضیٰ نے بھی اپنے فن کی داد وصول کی۔

مقامی فنکاروں میں راجہ مستفیض، عمران صدیقی، سراج فغانی، شاہ عالم صدیقی، نیلم علی، بلال گیلانی، شہ روش اور مادھوری نے اپنی متاثر کن اداکاری سے حاضرین کی توجہ حاصل کی۔

اس ڈرامے کی کامیاب پیشکش میں آصف علی نے بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اہم کردار ادا کیا۔

’دولہا آن لائن پارٹ 2‘ ایک منفرد ڈرامہ تھا جو مزاح، رومانس، اور ایک اہم سماجی پیغام کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔

اس ڈرامے کی کہانی انٹرنیٹ کے ذریعے پیدا ہونے والی غلط فہمیوں، بدگمانیوں اور ان کے نتیجے میں جنم لینے والے خاندانی مسائل کے گرد گھومتی ہے۔ 

اس موقع پر معروف پروموٹر امیر مکھانی، ناصر صدیقی اور دیگر فنکاروں نے مرحوم سید فرقان حیدر  کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ سید فرقان حیدر پاکستان کے اسٹیج ڈرامے کے بانی ہیں جنہوں نے پاکستان اور امریکا میں اسٹیج ڈراموں کے ذریعے پاکستانی ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ 

ان کا کہنا ہے کہ فرقان حیدر نے معین اختر، عمر شریف جیسے فنکار پیدا کیے جبکہ حکومت نے ان کے متعارف کردہ تمام فنکاروں کو صدارتی ایوارڈ سے نوازا مگر جو اصل تخلیق کار ہے وہ اب تک اس سے محروم ہے۔

انہوں نے سید فرقان حیدر کو بھی صدارتی ایوارڈ سے نوازنے کا مطالبہ کیا۔

ڈرامے کے اختتام پر ڈیلس کے معروف اٹارنی نعیم سکھیا نے ڈرامے میں حصہ لینے والے فنکاروں میں تعریفی شیلڈز تقسیم کیں۔

 پاکستان ٹیلی ویژن کے سابق جنرل منیجر اور ممتاز ڈرامہ نگار قاسم جلالی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ سید فرقان حیدر تھیٹر کی دنیا کا ایک بڑا نام ہیں، ان کی خدمات ناصرف پاکستان میں بلکہ امریکا میں بھی ثقافت کے فروغ کے لیے ایک روشن مثال ہے۔

تقریب کے اختتام پر انٹرنیشنل پروموٹر اور حبا انٹرٹینمنٹ کے سربراہ ناصر صدیقی نے سید فرقان حیدر کو تخلیقی صلاحیتوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈرامہ کمیونٹی کے لیے ایک منفرد تفریحی تجربہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے نیشنل پروموٹرز کا آغاز سید فرقان کے ساتھ ہی کیا تھا اور 90ء کی دہائی میں امریکا بھر میں شوز منعقد کیے تھے۔ 

ناصر صدیقی کا کہنا ہے کہ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اس ڈرامے کی پیشکش کے محض ایک ہفتے بعد سید فرقان حیدر انتقال کر گئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’دولہا آن لائن پارٹ 2‘ جو ان کے تخلیقی سفر کا آخری شاہکار ثابت ہوا، ہمیشہ ان کی یادگار کے طور پر زندہ رہے گا، ان کی تخلیقی صلاحیتوں نے اس ڈرامے کو ایک لازوال حیثیت دی، یہ ڈرامہ ائقین کے دلوں میں کئی دہائیوں تک یادگار رہے گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید