سابق کرکٹر، سیاستداں اور کپل شرما شو کے سابق جج نوجوت سنگھ سدھو 5 برس قبل شو چھوڑ کر چلے گئے تھے، جس پر ان کے پرستار حیران رہ گئے تھے اور قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔
اب ان کی نیٹ فلیکس پر پیش کیے جانے والے نئے شو ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کے ایک اسپشل ایپیسوڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ جہاں انھوں نے اپنے جانے کے حوالے سے پھیلی ہوئی افواہوں پر گفتگو کی۔
حالانکہ یہ گمان کیا جاتا ہے کہ ان کے پروگرام سے الگ ہونے کی وجہ پلواما معاملے پر ان کے کمنٹس تھے، تاہم سدھو پاجی نے اس حوالے سے اشارہ دیا کہ وجہ اس سے زیادہ پیچیدہ تھی۔
یو ٹیوب چینل کے دی گرین ٹاک شو میں ایک انٹرویو کے دوران نوجوت سنگھ سدھو نے انکشاف کیا ان کے پروگرام سے الگ ہونے کے فیصلے میں سیاسی وجہ نے کلیدی کردار ادا کیا۔
تاہم انھوں نے اسکی زیادہ تفصیل بتانے سے پہلو تہی کرتے ہوئے کہا کہ میں اس بارے میں بات نہیں کرنا چاہتا، لیکن دیگر وجوہات بھی تھیں۔
نوجوت سنگھ سدھو کے کمنٹس پر عوامی سطح پر کافی لے دے ہوئی تھی اور چینل نے ان کی جگہ ارچنا پوران سنگھ کو لے لیا تھا۔