• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلیسپی ہی جنوبی افریقا میں ریڈ بال ٹیم کےکوچ ہونگے، پی سی بی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ جیسن گلیسپی ہی جنوبی افریقا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے پاکستان ٹیم کے ریڈ بال کوچ ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ ویب سائٹ کی خبروں کی تردید کر دی، ویب سائٹ نے جیسن گلیسپی کو ہٹانے اور عاقب جاوید کو تینوں فارمیٹس کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کی خبر دی تھی ۔ البتہ بورڈ کی میڈیا ریلیز سے یہ بات واضح نہیں کہ وہ وائٹ بال میں کوچنگ جاری رکھیں گےیا نہیں۔ اس سےقبل معروف کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ عاقب جاوید کو جیسن گلیسپی کی جگہ ہیڈکوچ مقرر کیا جارہا ہے۔ خبر میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ زمبابوے اور آئندہ سیریز میں عاقب جاوید کو ذمہ داریاں دینے پر غور کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ جلد متوقع ہے۔ ایک نجی چینل کا کہنا ہے کہ عاقب جاوید نے وائٹ بال کوچ بننےکی پیشکش قبول کرلی ہے۔ وہ لاہور قلندر کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اب ملکی کوچ کو مستقل ذمہ داری دے گا۔ پاکستان نے 24 نومبر سے 5 دسمبر تک زمبابوے کے خلاف سیریز کھیلنی ہے۔ پاکستان ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کھیلے گی جس میں 3 ٹی ٹوئنٹی، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز شامل ہیں۔

اسپورٹس سے مزید