کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیمپئنز ٹرافی کر کٹ ٹورنامنٹ کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ آئی سی سی اگلے48 گھنٹوں میں شیڈول جاری کرنے پر غور کررہا ہے اور اس حوالے سے اس کے حکام پی سی بی کے ساتھ رابطے میںہیں، امکان ہے کہ موجودہ حالات میں شیڈول کے اعلان میں ایک دو دون کی تاخیر بھی ہوسکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی بھارت کی جانب سے ملنے والے جواب کا جائزہ لے رہی ہے، جس کے بعد بھارتی بورڈ کے عہدے داروں سے رابطہ کیا جائے گا ، پی سی بی کو صورت حال کے حوالے سے اعتماد میں لیا جائے گا اور ان سے کہا جائے گا کہ وہ حکومت پاکستان سے بھی مشورہ کریں۔بھارت کے جواز ٹھوس نہ ہونے کی صورت میں اسے پاکستان میں کھیلنے کے لئے کہا جائے گا۔ پی سی بی کے حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے حوالے سے بھارتی اعتراض اور خوف بلاجواز ہے، سیکیورٹی پلان 10 اکتوبر کو بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی بھیجا گیا تھا، 21 تاریخ کو آئی سی سی بورڈ اجلاس میں بھارت سمیت کسی ممبر ملک کی جانب سے کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا، اب اگر بھارتی حکومت اور بورڈ سیکیورٹی کو جواز بناکر پاکستان نہ آنے کا کہتے ہیں تو ان کے لئے کلین چٹ ملنا آسان نہیں ہوگا۔ پی سی بی نےآ سٹریلیا اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی مشاورت سے ایک ماسٹرسکیورٹی پلان تیار کیا تھا جو بعد میں تمام بورڈ کو بھی بھیجا گیا تھا، اب بھارت کی جانب سے سامنے آنے والے بلا جواز اعتراض پر پی سی بی نے دیگر بورڈ سے بھی رابطہ کیا ہے اور انہیں اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کررہا ہے کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان آنا چاہئے ، یہ بھی اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ آئی سی سی نے اس بارے میں دیگر بورڈ سے بھی رابطہ کیا ہے ، جس میں چند ایک نے بھارت کے ہائبرڈ ماڈل کو سامنے رکھ کر شیڈول کو حتمی شکل دینے کی تجویز دی ہے اور پاکستان کو ایونٹ بچانے کے لئے راضی کرنے پر زور دیا ہے۔ دریں اثنا پاکستان میں ٹرافی ٹور جاری ہے، ٹرافی اتوار کو خیبر پختونخواہ میں خانپور ڈیم لے جایا گیا، وہاں فوٹو شوٹ اور ویڈیو سیشن ہوا۔ اس موقع پر کرکٹ فینز کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ پیر کے روز ٹرافی کوایبٹ آباد لے جایا جائے گا ۔ 19 نومبر کو ٹرافی مری لے جائی جائیگی، 20 نومبر کو نتھیا گلی اور 22 سے 25 نومبر تک کراچی میں ٹرافی کا ٹور ہو گا۔ واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ایونٹ میں شریک تمام ممالک میں جائے گی۔