کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی سینئر اور جونیئر سطح پر کھلاڑیوں کا ڈیٹا تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں تمام ایسوسی ایشنوں سے بھی ریکارڈ طلب کیا جائے گا۔ صدرپی ایچ ایف طارق بگٹی نے ہدایت کی ہے مستقبل کے حوالے سے کھلاڑیوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے اور ان سے جونیئر ، سنیئر اور انڈر19ٹیمیں تیار کی جائیں، انہوں نےجونیئر ہاکی کیمپ میں70 سے زائد کھلاڑیوں کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ جو کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے ان کا ڈیٹا بناکر ان کیمپ میں کم ازکم 20کھلاڑیوں کی گرومنگ کی جائے، انہوں نے سلیکٹرز کو تمام صوبائی ایسوس ایشنوں کے ساتھ مل کر نئے کھلاڑیوں کی تلاش کا سلسلہ جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اس کام کیلئے آئی ٹی کے شعبے کو بھی بہتر خطوط پر استوار کیا جائے گا۔