• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارٹی اجلاس سے بشریٰ بی بی کے خطاب کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اجلاس سے بشریٰ بی بی کے خطاب کی مبینہ آڈیو سامنے آگئی، جس میں وہ کارکنوں کو بانی چیئرمین کا پیغام دے رہی ہیں۔

پشاور میں ہونے والے اجلاس میں بشریٰ بی بی نے کہا کہ آپ کو گاڑیوں کی ویڈیو بنانی ہے، جس میں عام عوام بھی نظر آئیں، احتجاج میں صرف ورکرز نہیں عوام کو بھی لے کر پہنچنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دن ہر ایم این اے، ایم پی اے مرکزی جلوس میں شامل ہونے سے پہلے اپنے انفرادی جلوس کی وڈیو بنائے گا، کسی کے پاس ثبوت کے طور پر ویڈیو نہیں ہوگی تو اسے اگلی بار ٹکٹ نہیں ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ احتجاجی تحریک کے دوران انٹرنیٹ بند ہوگا، ہمیں متبادل بندوبست کرنا ہوگا، سوشل میڈیا اور یوٹیوبرز قافلوں کی ویڈیو ساتھ ساتھ شیئر کریں۔

بانی چیئرمین کی اہلیہ نے مزید کہا کہ کوئی ورکر زخمی ہوجائے تو حلقے کا ایم این اے اور ایم پی اے اس کا خیال رکھے، خود بھی گرفتاری نہیں دینی اور ورکرز کو بھی گرفتاری سے بچانا ہے۔

بشریٰ بی بی نے یہ بھی کہا کہ 24 نومبر کا احتجاج بانی پی ٹی آئی سے وفا کا امتحان ہے، 5 لاکھ لوگ 24 نومبر کو نکل سکتے ہیں اس وقت گروپنگ کا مطلب خان سے وفاداری نہیں۔

بشریٰ بی بی نے اجلاس سے 9 منٹ طویل خطاب کیا، پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے آڈیو کی تصدیق کی اور کہا کہ پی ٹی آئی اجلاس سے خطاب کی آڈیو بشری بی بی کی ہے۔

قومی خبریں سے مزید