بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت آج ہوگی۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کو آج ہر صورت حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے آج بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا 342 کا بیان ریکارڈ کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی گزشتہ سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کی، بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی کی جانب سے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل عثمان گل نے عدالت کو بتایا پراسیکوشن گواہوں کے بیانات ریکارڈ کروا چکی، جرح بھی ہوچکی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ آچکا ہے پہلے ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ کیا جائے۔
نیب کے پراسیکیوشن جنرل سردار مظفر عباسی نے عدالت کو بتایا پانچ مواقع دیے جاچکے ہیں ملزمان 342 کے سوالنامے کا جواب نہیں دے رہے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد ملزمان سے آج 342 کے سوال نامے کے جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔