• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

24 نومبر کو پھر عوام کو یرغمال بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے: شرجیل میمن

وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن — فائل فوٹو
وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن — فائل فوٹو

وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ 24 نومبر کو پھر سے عوام کو یرغمال بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، کسی کو بھی گن پوائنٹ پر یرغمال نہیں بنایا جا سکتا۔

شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج نوجوانوں کو بدتمیزی سکھائیں گے تو ہو سکتا ہےکل یہی آپ کے خلاف استعمال ہوں، نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی ضرورت بن چکی ہے، دنیا نوجوانوں کے آئیڈیاز سے مسائل حل کر رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ احتجاج ہر کسی کا حق ہے، احتجاج کی آڑ میں املاک کے نقصان کی اجازت نہیں، احتجاج کا مطلب یہ نہیں کہ پی ٹی وی یا پارلیمنٹ پر حملہ کیا جائے، اختلافِ رائے ہر کوئی رکھ سکتا ہے لیکن دائرے میں رہنا چاہیے۔

وزیرِ اطلاعات سندھ نے بتایا کہ سندھ حکومت سولر سسٹم سے بجلی پیدا کر رہی ہے، سولر کے علاوہ سندھ حکومت ہوا سے بھی بجلی بنا رہی ہے، کوئلے سے بھی سستی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے، تھر کے کوئلے سے ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سندھ حکومت نے بہت کام کیا ہے، پاکستان میں پہلی بار الیکٹرانک بس سروس سندھ حکومت نے شروع کی، سندھ واحد صوبہ ہے جس نے پنک بس سروس شروع کی۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ کراچی میں یلو لائن بی آرٹی کا کام شروع ہو چکا ہے، حیدر آباد میں بھی بی آر ٹی سروس شروع کریں گے۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں غیر قانونی بس اڈوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جا چکا ہے، سندھ بھر میں غیر قانونی بس اڈے مرحلہ وار ختم کیے جا رہے ہیں۔

وزیرِ اطلاعات سندھ نے بتایا کہ سندھ حکومت کا منشیات کے خلاف بھی جہاد جاری ہے۔

قومی خبریں سے مزید