وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ریاست کےخلاف الجہاد کے نعرے لگا کر پی ٹی آئی نےخود کو ٹی ٹی پی کا سیاسی ونگ ثابت کر دیا۔
انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کو کمزور مت سمجھیں، ہمیں جتھوں اور بلوائیوں کا علاج کرنا آتا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی کے سیاسی ونگ نے جہادی اسکواڈ بھی قائم کر دیا ہے، فتنہ پارٹی نے جہادی اسکواڈ کو مسلح کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہادی اسکواڈ اسلحے، شیلنگ، غلیلیں، کانچ، ربڑ کی گولیوں سے لیس ہو گا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ فیڈریشن کے خلاف ایک وزیرِ اعلیٰ کو مہرے کی طرح استعمال کر رہا ہے، فتنہ پارٹی کے 90 فیصد لوگ 24 نومبر کے احتجاج کے مخالف ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کے آمرانہ اور تحقیر آمیز رویے سے ان کے ارکانِ اسمبلی میں پھوٹ پڑ چکی ہے، علیمہ خان، شیر افضل مروت نے بھی بشریٰ بی بی کی پارٹی پر قبضے کی مخالفت کی۔
صوبائی وزیرِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ ان کے پنجاب کے ارکان اسمبلی سمجھدار ہیں جنہوں نے بشریٰ بی بی کی قیادت ماننے سے انکار کر دیا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کا قیدی کے پی کے نوجوان کو فیڈریشن کے خلاف مسلسل اکسا رہا ہے، جن بچوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ ہونے چاہئیں ان کو غلیلیں دی جا رہیں اور مسلح کیا جا رہا۔