• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گردی کو لگام ڈالنا وفاق کی ذمے داری ہے، بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو لگام ڈالنا وفاقی حکومت کی ذمے داری ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے بیان پر ردعمل میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ ن لیگ اپنی کرسی بچانے کےلیے لاشوں پر سیاست کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارا چنار واقعہ پر قوم سوگوار مگر حکومت سیاست چمکانے میں مصروف ہے، دہشت گردی کو لگام ڈالنا وفاقی حکومت کی ذمے داری ہے۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ غیرملکی موبائل فون سمیں پاکستان میں دھڑلے سے استعمال ہو رہی ہیں، بارڈر پر دہشت گردوں اور ان کے وسائل کی روک تھام وفاقی تحقیقاتی اداروں اور کسٹمز کی ذمے داری ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے احتجاج روکنے کے لیے ایف سی اسلام آباد میں تعینات کر دی ہے، خیبر پختونخوا کو دہشت گردوں کے خلاف ایف سی پلاٹونز کی اشد ضرورت ہے۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے یہ بھی کہا کہ ایف سی پلاٹونز کو وفاقی حکومت سیاسی مقاصد کےلیے استعمال کر رہی ہے، دہشت گردوں کے خلاف وفاقی حکومت کی کارکردگی مذاق سے زیادہ کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کو مالی طور پر کمزور کرنے کےلیے وفاقی حکومت ہر ہتھکنڈا آزما رہی ہے، خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے جبکہ وفاقی حکومت تماشائی بنی بیٹھی ہے۔

قومی خبریں سے مزید