وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پاس جانے کیلئے تیار ہیں۔ اے پی سی کی دعوت دینے جانے کیلئے تیار ہیں وہ بھی غیر مشروط شرکت کریں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ معاشی ترقی کی ٹھنڈی ہوا پہلے بلوچستان کے عوام کو محسوس ہونی چاہیے، ملک کےلیے اچھے عمل میں شمولیت کےلیے شرط لگائی جائے یہ ان کا یقین ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ہماری قیادت جیل میں رہی، پارٹی تمام عمل میں شمولیت کرتی رہی، جو ٹوئٹ میں نے پڑھا ہے وہ پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بےنظیر بھٹو دہشتگردی کا شکار ہوئیں، ان کی پارٹی نے کبھی مشروط نہیں کیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے قومی مسائل پر کسی جگہ شرط نہیں لگائی، اگر پی ٹی آئی پہلے ہی مشروط کر رہی ہے تو اس سے نیت کا پتہ چلتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے ایک شخص اور اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہم بھی اس ڈرائینگ روم کی میٹنگ میں ہوتے تھے جہاں باہر دو افسران ہوتے تھے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ان میٹنگز کو اسد قیصر کنڈکٹ کرتے تھے افسران بتاتے تھے کہ یہ فیصلے کرنے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا ایک بیان دکھادیں جو دہشتگردی کے خلاف دیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے جیل سے لمبے لمبے بیان آتے ہیں کوئی ایک بیان دکھا دیں، خیبر پختونخوا دہشتگردی کا شکار ہے بانی پی ٹی آئی مذمت کریں۔