مصنّف: ڈاکٹر محمّد علی جنید
صفحات: 456، قیمت: 2 ہزار روپے
ناشر: دارالتحقیق برائے علم و دانش، کراچی۔
فون نمبر: 2134630 - 0300
مصنّف جامعہ کراچی سے بطور وزیٹنگ فیکلٹی وابستہ ہیں، جب کہ نہ صرف خود مختلف موضوعات پر تحقیق و تصنیف میں مشغول ہیں، بلکہ دیگر محقّقین کا کام بھی منظرِ عام پر لانے کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ اِس ضمن میں اُنھوں نے کئی حوالہ جاتی ای-بُکس بھی اہلِ ذوق تک پہنچائیں۔ ڈاکٹر محمّد علی جنید کی زیرِ نظر کتاب، دو جِلدوں پر مشتمل ہے، جنھیں ایک ہی جِلد میں سمو دیا گیا ہے۔
جِلد اوّل چھے ابواب’’علمِ سیاسیات، حقیقت و ماہیت‘‘، ’’ریاست‘‘، ’’اقتدارِ اعلیٰ‘‘، ’’تقابلی سیاسیات‘‘، ’’مذہبی سیاسیات‘‘ اور ’’سیاسی حرکیات‘‘ پر مشتمل ہے، جب کہ جِلد دوم میں’’ریاست کی حقیقت، ماہیت اور اقسام‘‘، ’’حکومت‘‘،’’جمہوریت کی حقیقت و ماہیت‘‘، ’’انسانی حقوق‘‘ اور ’’انسانی حقوق کی علمی بنیادیں‘‘ کے تحت عنوانات قائم کیے گئے ہیں۔
آخری 50 صفحات ضمیمہ جات پر مشتمل ہیں، جن میں فاضل مصنف نے کئی اہم امور پر اپنی آرا پیش کی ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ’’ یہ کتاب تاریخ، مذہب، سیاست و فلسفے کے ایک محقّق کی کاوش ہے، اِسے براہِ مہربانی سیاسی، تنظیمی اور مذہبی آنکھ سے پَرکھنے کی کوشش مت کریں۔‘‘ کتاب کے مندرجات مکمل حوالہ جات سے مزیّن ہیں اور اِس ضمن میں مصنّف نے بلامبالغہ سیکڑوں کتب سے استفادہ کیا ہے۔
علمِ سیاسیات پر اُردو زبان میں اِس طرح کی کتب کم ہی دست یاب ہیں کہ اِس میں اِس شعبے کے تقریباً تمام ہی اہم مباحث شامل ہوگئے ہیں، اِسی لیے اگر اِسے’’ سیاسی مباحث کا انسائیکلو پیڈیا‘‘قرار دیا گیا ہے، تو درست ہی کہا گیا ہے۔ گو کہ یہ کتاب بنیادی طور پر طلبا و طالبات کو علمِ سیاسیات سے روشناس کروانے کے لیے تحریر کی گئی ہے، مگر دیگر افراد کے لیے بھی اِس کی افادیت کسی طور کم نہیں۔
زبان عالمانہ ہے، جسے سادہ اور آسان رکھنے کی کام یاب کوشش بھی نظر آتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر غلام محمّد برفت، پروفیسر ڈاکٹر ثمر سلطانہ، پروفیسر ڈاکٹر محمّد علی اور ڈاکٹرمحمّد کامران خان کی توصیفی و تائیدی آرا بھی کتاب کا حصّہ ہیں، جب کہ ڈاکٹر محمّد کاشف عُمر نے مقدمہ تحریر کیا ہے۔مصنّف نے اپنے ابتدائی کلمات میں طلبہ کے علمی و تحقیقی رویّوں کا جو نقشہ کھینچا ہے،وہ ہمارا قومی المیہ ہے، مگر اِس طرف کسی کا دھیان نہیں۔