• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بارش کا سلسلہ 23 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، چیف میٹرولوجسٹ

چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر لغاری کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل بھی بارش کا امکان ہے، شہر میں بارش کا سلسلہ 23 اگست تک رہنے کا امکان ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، شہر میں بارش کے باعث گزشتہ روز سے اب تک پیش آنے والے مختلف حادثات میں 17 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ناردرن بائی پاس پر پانی کے جوہڑ میں ڈوب کر نوجوان جاں بحق ہو گیا، پی ای سی ایچ ایس میں گھر میں جمع پانی سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔

سپر ہائی وے پر گڑھے میں ڈوب کر ایک شخص جاں بحق ہوا ہے، گلستانِ جوہر میں دیوار گرنے سے 3 بچے اور 2 خواتین جاں بحق ہوئی ہیں۔

اورنگی ٹاؤن میں دیوار گرنے سے بچی جاں بحق ہوئی، شاہ فیصل کالونی شارع فیصل، ڈیفنس، نارتھ کراچی اور گزری میں کرنٹ لگنے سے 6 افراد کی جان گئی۔

نیو کراچی، خمیسو گوٹھ، گرومندر، ندی اور نالے سے 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

شہر کے کئی مقامات پر بارش کے جمع پانی کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید بارشوں کے پیش نظر محکمہ تعلیم سندھ نے کل شہر کے نجی و سرکاری اسکول اور کالجوں کو بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی انتظامیہ نے کل ہونے والے تمام امتحانات بھی ملتوی کرنے کا اعلان کردیا، بعض اسکولوں اور کالجوں نے طلبہ کو آن لائن کلاسز لینے کی ہدایت  کردی۔

وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کے الیکٹرک انتظامیہ سے رابطہ  کرکے مختلف علاقوں میں کئی گھنٹوں سے بند بجلی فوراً بحال کرنے کی ہدایت  کی۔

دوسری جانب چیف ایگزیکٹو کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا کہ بارش کے دوران بجلی کے 500 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوئے تھے۔ شہر کے 94 فیصد سے زائد علاقوں کو بجلی کی فراہمی بحال کردی، 150 فیڈرز پر بجلی بحالی کا کام جاری ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ بارش کی وجہ سے کے الیکٹرک فیلڈ اسٹاف کو فالٹ والے مقامات تک پہنچنے میں مشکلات تھیں۔

قومی خبریں سے مزید