کامیڈین، ٹیلیویژن پرسنالٹی اور بالی ووڈ اداکارہ بھارتی سنگھ نے ماضی میں اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک پریشان کن واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں بس میں سفر کے دوران غیر مناسب انداز میں چھوا گیا۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس موقع پر انھیں سمجھ میں نہیں آیا کہ ایسا کیوں ہوا؟
اپنے 17 سالہ فنی کیریئر میں کافی اتار چڑھاؤ دیکھنے والی 41 سالہ بھارتی سنگھ آج بھارت میں ٹیلیویژن کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی شخصیات میں سے ایک ہیں۔
لیکن ہمیشہ سے ایسا نہیں تھا ماضی میں جب وہ معروف نہیں ہوئی تھیں انھیں کئی مرتبہ چھوٹی موٹی نوکریاں کرنا پڑیں۔
حال ہی میں راج شامانی کے ساتھ ایک پوڈکاسٹ کے دوران انھوں نے انکشاف کیا کہ انہیں ماضی میں ایک ناخوشگوار تجربہ سے گزرنا پڑا جب اُنہیں نامناسب طریقے سے چھوا گیا۔
انکا کہنا تھا کہ انھیں اس وقت نیک نیتی اور بدنیتی سے چھونے کا فرق معلوم نہیں تھا۔ اپنے کالج کے دور پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا وہ تین دن کا آف لے کر دوستوں کے ساتھ چھوٹے کالجز جانے کے لیے سفر کرتی تھیں۔ دوران سفر بسوں میں کافی رش ہوتا تھا اور آرام دہ سفر ممکن نہیں ہوتا تھا۔
بھارتی سنگھ کے مطابق ڈھائی برس تک تو مجھے اسکا اندازہ نہ ہوا کیونکہ ایسا تو میرے ساتھ روزانہ ہوتا تھا، کوئی بھی مجھے غیر مناسب انداز میں چھو لے اور میں احمقانہ طور پر یہ سمجھتی رہی کہ وہ بس میں اپنا توازن برقرار رکھنے کے لیے مجھے پکڑ رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آج کی عورت کافی تعلیم یافتہ ہے اور وہ نیک اور بد نیتی میں فرق سمجھتی ہے۔