• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو بھی احتجاج کیلئے اسلام آباد آئے گا، پکڑا جائے گا، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جو بھی احتجاج کے لیے اسلام آباد آئے گا، پکڑا جائے گا، اس پر پرچہ کٹے گا۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ ہم بیرسٹر گوہر سے کوئی بات کرنے کو تیار نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو جو پیغام دینا تھا وہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے دے دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کو احساس کرنا چاہیے، ان کا ایک ماضی ہے، اس لیے اجازت نہیں مل رہی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ( کے پی) کے لوگ جنازے اٹھا رہے ہیں، پوچھتا ہوں کیا وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور وہاں گئے؟ 18ویں ترمیم کے بعد امن و امان کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جلسہ ہو یا کوئی اور ایونٹ انتظامیہ سے اجازت لی جاتی ہے، انہوں نے پہلے بھی میٹرو اسٹیشن اور درختوں کو آگ لگائی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بیرسٹر گوہر سے کوئی بات کرنے کو تیار نہیں، بیرسٹر گوہر کو پیغام دینا تھا وزیر داخلہ محسن نقوی نے دے دیا۔

عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ جب کوئی ملک سرمایہ کاری کرنے آتا ہے یا غیرملکی وفد آتا ہے، یہ حملہ آور ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی سے پہلے یہ پورے ملک میں دندناتے تھے کسی نے ان کو نہیں روکا، ہمارے احتجاج میں کبھی املاک کو نقصان نہیں پہنچا ان کے پرامن رہنے کی گارنٹی کون دے گا۔

اس سے قبل عطا تارڑ نے کہا تھا کہ جو بھی احتجاج کے لیے اسلام آباد آئے گا، پکڑا جائے گا، اس پر پرچہ کٹے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا تھاکہ پی ٹی آئی سے کسی بھی سطح پر کوئی بات چیت نہیں ہورہی ، صرف ایک بار بیرسٹر گوہر کے ساتھ محسن نقوی کا رابطہ ہوا ہے۔

قومی خبریں سے مزید