• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ بی بی کا ہر صورت ڈی چوک جانے پر اصرار

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے ہر صورت ڈی چوک جانے پر اصرار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے متبادل جگہ کی حامی بھری لیکن بشریٰ بی بی ماننے سےانکاری ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی سے رابطہ کیا۔

بشریٰ بی بی نے جواب دیا کہ بانی پی ٹی آئی نے انھیں ہر صورت ڈی چوک جانے کا کہا ہے، ڈی چوک سےکم کسی بھی مذاکراتی فیصلے پر کارکنان راضی نہیں۔

ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور نے بھی ڈی چوک جانے کی بشریٰ بی بی کی تجویز کی حمایت کردی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی کمیٹی کی منظوری کے بعد بشریٰ بی بی سے حتمی فیصلے کا اعلان کروایا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جو ڈی چوک پہنچے گا بالکل گرفتار ہوگا، ہمیں ریڈ لائن کراس نہ کرنے دیں، پہلے ہی بتا رہے ہیں، ہمیں مجبور کیا گیا تو سخت قدم اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کو سنگجانی میں احتجاج کی پیشکش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں نے دو دفعہ جیل میں جاکر بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں کی ہیں، اطلاعات کے مطابق بانی نے بھی اس کی منظوری دے دی ہے تاہم پی ٹی آئی نے اب تک فائنل جواب نہیں دیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ بانی سے اوپر بھی کوئی لیڈر شپ آگئی ہے جس نے ماننے سے انکار کیا ہے، یہ ان سے ہی پوچھ لیں۔

قومی خبریں سے مزید