لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے بیٹے مونس الہٰی کی دوبارہ گرفتاری کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دے دیا۔
اسپیشل سینٹرل عدالت کے جج نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔
عدالت نے کہا ہے کہ مونس الہٰی اور محمد جبران کو بیرون ملک سے گرفتار کرنے کے لیے دوبارہ اقدامات کیے جائیں، آئندہ سماعت پر گرفتاری سے متعلق اقدامات کی رپورٹ پیش کی جائے۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی کے ہیڈ عمرے پر ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے، چوہدری پرویز الہٰی نے بریت کی درخواست دائر کی ہے۔
عدالت نے چوہدری پرویز الہٰی کی بریت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے دلائل طلب کر لیے۔
تحریری حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالت مزید سماعت 20 جنوری کو کرے گی۔