کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کے سہ فریقی مرحلے کے پہلے میچ کے پہلے دن پشاور کی ٹیم سیالکوٹ کے بولرز کی عمدہ کارکردگی کے سبب 171 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اویس علی اور محمد علی نے چار چار جبکہ شعیب اختر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ سیالکوٹ نے کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 74 رنز بنائے تھے۔ منگل کو ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں چار روزہ میچ کے پہلے دن پشاور کے کپتان ساجد خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ 53 رنز تک 3 وکٹیں گرچکی تھیں ۔ چوتھی وکٹ 83 رنز پر گری جب ٹاپ عبیداللہ 8 چوکوں کی مدد سے35 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ دوسرے سیشن میں پشاور کی آخری 5 وکٹیں اسکور میں صرف 55 رنز کا اضافہ کرپائیں۔ کھیل کم روشنی کے سبب مقررہ وقت سے پہلے ختم کیا گیا۔عاشر محمود 31 اور اذان اویس 38 رنز پر کریز پر موجود تھے۔