یورپین پارلیمنٹ نے اسکروٹنی کا عمل مکمل کرنے کے بعد آئندہ 5 سال کے لیے نئے یورپین کمشنرز کی توثیق کر دی۔
اس حوالے سے یورپین پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران بدھ کے روز ووٹنگ ہوئی جس میں 720 ارکان میں سے 370 نے یورپین کمیشن کی دوسری مرتبہ منتخب ہونے والی صدر ارسلا واندرلین کی جانب سے پیش کردہ کمشنرز کے حق میں ووٹ دیے۔
اس موقع پر 282 ارکان نے مخالفت کی جبکہ 36 ارکان نے غیر حاضری دکھائی۔
پارلیمنٹ کی جانب سے اس توثیق کے بعد نیا کمیشن یکم دسمبر سے آئندہ 5 سال کے لیے اپنی ذمے داریاں سنبھال لے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے یوکرین کے تناظر میں ’آزادی‘ کو یورپین یونین کی کلیدی قوت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کے لیے لڑنا بطور یورپین ہمیں آپس میں جوڑتا ہے، ہمارا ماضی، حال، ہماری قومیں اور نسلیں میرے لیے یہ ہماری یونین کی بنیاد ہے اور یہ آج پہلے سے کہیں زیادہ یورپ کے لیے ایک متحرک قوت بنی ہوئی ہیں۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں ارسلا واندرلین نے اعلان کیا کہ نئے کمیشن کا پہلا کام ’مسابقتی کمپاس‘ پر عمل درآمد شروع کرنا ہو گا جو امریکا اور چین کے ساتھ یورپ کے جدت طرازی کے فرق کو ختم کرے گا۔
انہوں نے یورپ سے اپنے دفاع پر زیادہ خرچ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیکیورٹی کو مضبوط بنانا بہت ضروری ہے۔