• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کے 57ویں یوم تاسیس پر 150 اضلاع میں اجتماعات

بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کررہے ہں۔فوٹو پی پی آئی
بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کررہے ہں۔فوٹو پی پی آئی

پیپلز پارٹی کے 57ویں یوم تاسیس پر 150 اضلاع میں اجتماع ہوئے۔ تمام اضلاع میں بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔

پیپلز پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بانی پارٹی کے بعد بلاول بھٹو زرداری پارٹی سنبھال رہے ہیں، پیپلز پارٹی کا پودا جو 57 سال پہلے ذوالفقار علی بھٹو نے لگایا وہ آج تناور دخت بن چکا ہے۔

کوٹری میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہید بھٹو نے اس وقت کے دو آمروں کا مقابلہ کرکے ملک میں جمہوریت قائم کی، شہید بھٹو کی عوامی خدمات پر گھنٹوں بات کرنا بھی کم ہے۔

میرپور خاص میں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کی پوری دنیا میں اہمیت شہید ذوالفقار بھٹو کی وجہ سے ہے، ہر بار الیکشن میں سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی کو پہلے سے زیادہ ووٹ دیتے ہیں۔

سکھرمیں یوم تاسیس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا ہم سب کٹھن سفر طے کرنے کے بعد ایک ساتھ یہاں کھڑے ہیں، ہم نے صوبوں کو بااختیار بنایا۔

ملتان میں گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس حقیقی قائدین ہیں، سسٹم صرف پیپلز پارٹی کی مرہون منت چل رہا ہے۔

صادق آباد میں کچے کے حالات کے پیش نظر یوم تاسیس کی تقریب دن میں کرنا پڑی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی رہنما ممتاز چانگ کا کہنا تھا کہ کچے کے حالات خراب ہونے کے سبب کارکن بلاول بھٹو کی تقریر نہ سن سکے، پنجاب حکومت کو سوچنا چاہیے۔

سانگھڑ میں رکن قومی اسبملی شازيہ مری، مظفر آباد میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، ٹھٹھہ میں صوبائی وزیر ورکس علی حسن زرداری، جیکب آباد میں پیپلز پارٹی رہنما اعجاز جکھرانی، نواب شاہ میں صوبائی وزیر ناصر شاہ اور گوجرانوالہ میں اعتزاز حسن نے بھی یوم تاسیس کے جلسوں سے خطاب کیا۔

اس کے علاوہ لاڑکانہ، تھرپارکر، نوشہرو فیروز، ٹنڈو الہ یار، بدین، حب، ہرنائی، وہاڑی، بہاولپور، سرگودھا، فیصل آباد اور گلگت میں بھی یوم تاسیس کے جلسے ہوئے جن میں مقامی رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔

قومی خبریں سے مزید