پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں دوسرے ٹی 20 میچ میں مقابلے کےلیے تیار ہوگئیں۔
کل بلاوائیو میں پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی20 میچ کھیلا جائے گا، گرین شرٹس کو 3 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔
پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام ساڑھے چار بجے شروع ہوگا۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کے تمام میچز جیو سوپر براہ راست نشر کر رہا ہے۔
بلاوائیو میں جاری پاکستان زمبابوے سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ سے قبل ٹیم پاکستان نے آرام کو ترجیح دی۔
گرین شرٹس نے پہلے میچ میں ہوم ٹیم کو آؤٹ کلاس کیا اور 57 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی کےلیے پاکستان کی فائنل الیون کا اعلان بھی کردیا گیا ہے جس کے مطابق سلمان علی آغا کپتان ہوں گے۔
دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، عمیر بن یوسف، عثمان خان، طیب طاہر، عرفان خان، جہانداد خان، عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد اور سفیان مقیم شامل ہیں۔