• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس میں ٹرسٹیک نمائش 2024 میں چیئرمین نادرا کی شرکت

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقدہ نمائش ٹرسٹیک 2024 میں چیئرمین نادرا (نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی) لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، منگل کو شروع ہونے والی یہ نمائش 5 دسمبر تک جاری رہے گی۔ 

فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے نمائش میں نادرا کے پویلین کا دورہ کیا اور چیئرمین نادرا اور وفد سے ملاقات کی، اس موقع پر چیئرمین نادرا نے ادارے کی جانب سے کی جانے والی مختلف تکنیکی اختراعات کے بارے میں سفیر پاکستان کو آگاہ کیا۔ 

پاکستانی پویلین میں ڈسپلے پر بائیو میٹرک اور شناختی دستاویزات کی ایپلی کیشن پروسیسنگ ڈیوائسز بھی موجود تھیں جن میں سیلف سروس کیوسک، آل ان ون انرولمنٹ کٹس، تصدیق کےلیے ہینڈ ہیلڈ ٹیبلٹس اور IRIS کیمرے شامل تھے۔ یہ تمام آلات قابل اعتماد ہیں اور موثر کارکردگی فراہم کرتے ہیں جو مضبوط شناخت کی تصدیق کے عمل کے لیے اہم ہے۔  

نادرا نے 2000 میں اپنے قیام کے بعد سے پاکستان کے ڈیجیٹل پبلک انفرااسٹرکچر کو پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) کے مطابق بنایا ہے جس میں شناختی دستاویزات (قومی شناختی کارڈ، اوورسیز کارڈز وغیرہ)، مالیاتی نظام (موبائل/برانچ کے بغیر بینکنگ، ترسیلات زر، پینشن کی تقسیم، ای گورننس (آن لائن ویزا، ٹیکسیشن سسٹم، ای پاسپورٹ، قانونی وراثت، وغیرہ)، صحت اور تعلیم (ویکسی نیشن کا نظام، اسکالرشپ پروگرام وغیرہ) اور سماجی تحفظ (ڈیزاسٹر ریلیف پروگرام، سبسڈی پروگرام) وغیر شامل ہیں۔

 سفیر پاکستان نے نادرا کے زبردست کام اور خدمات کی وسیع رینج کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل شناخت لوگوں کو بااختیار بنا رہی ہے اور انہیں پوری دنیا سے جوڑ رہی ہے۔ چیئرمین نادرا اور سفیر پاکستان نے نمائش کا دورہ کیا اور مختلف ممالک کے نمائش کنندگان سے ملاقات کی۔

قومی خبریں سے مزید