بھارت کے مشہور کامیڈین سنیل پال شو کے بعد لاپتہ ہوگئے، بیوی نے پولیس میں رپورٹ درج کروادی۔
49 سالہ کامیڈین نے ایک شو کےلیے ممبئی سے باہر کا سفر کیا، انہوں نے اہلیہ کو بتایا تھا کہ وہ 3 دسمبر کو گھر واپس لوٹ آئیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کامیڈین کے گھر واپس نہ پہنچنے پر اہلیہ سریتا پال نے ممبئی کے ایک پولیس اسٹیشن میں شوہر کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی ہے۔
سنیل پال کی اہلیہ نے ممبئی پولیس کو بتایا کہ وہ بار بار اپنے شوہر سے رابطے کے لیے نمبر ملا رہی ہیں پر کوئی جواب موصول نہیں ہورہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنیل پال نے 2005ء میں دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج میں حصہ لیا اور شو جیت کر شہریت کی بلندیاں حاصل کیں۔
اس کے بعد انہوں نے فلم ہم تم اور پھر ہیرا پھیری جیسی فلموں میں معاون کردار نبھائے۔
سنیل پال نے 2017ء میں مشہور فلم ساز انیس بزمی پر پرفارمنس کی رقم ادا کرنے کا معاملہ بھی درج کروایا تھا۔
ایک انٹرویو میں اُن کا کہنا تھا کہ میرے 20 سے 25 لاکھ روپے مختلف پروڈیوسرز کے ساتھ مارکیٹ میں پھنسے ہوئے ہیں، ادائیگی میں تاخیر عام بات ہے لیکن انیس بزمی جیسا پروڈیوسر جو کروڑوں میں کھیلتا ہے، وہ بھی یہ برتاؤ کرے تو ناقابل معافی ہے۔
ممبئی پولیس نے2021ء میں کامیڈین کے خلاف کوویڈ میں علاج کرنے والے ڈاکٹروں کی تضحیک کے الزام میںمقدمہ درج کیا تھا۔