• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر توانائی کا صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو واجب الادا بجلی بلز پر خط

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

وزیر توانائی اویس لغاری نے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو واجب الادا بجلی کے بلز پر خط تحریر کیا ہے۔ 

خط کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت توانائی نے بجلی کمپنیوں کی بہتری اور سستی بجلی کیلئے اصلاحات کا آغاز کیا ہے، اصلاحات کے تحت مالی وسائل میں اضافہ اور بجلی چوری کا خاتمہ کیا جائے گا۔ 

اسلام آباد سے جاری خط میں وزیر توانائی کا مزید کہنا ہے کہ صارفین کے واجب الادا بلز کی وصولی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ 

انھوں نے کہا وزرائے اعلیٰ فوری طور پر بجلی کے بقایاجات کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ وزیر توانائی کے مطابق واجب الادا بجلی کے بلز کی وجہ سے توانائی کے شعبے میں اصلاحات متاثر ہو رہی ہیں۔

انھوں نے کہا صوبوں کے مختلف محکمے بجلی کے بلز کی ادائیگی میں غفلت برت رہے ہیں، بجلی بلوں کی عدم ادائیگی سے پاور کمپنیوں پر مالی بوجھ بڑھ رہا ہے۔ 

وزیر توانائی نے کہا واجب الادا بلز کی وجہ سے بجلی کی بلاتعطل سپلائی میں مشکلات ہوسکتی ہیں، بقایاجات کی عدم ادائیگی سے گردشی قرضےکا بحران بھی سنگین ہو رہا ہے۔ 

انھوں نے کہا سندھ کی طرف بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے 59 ارب 68 کروڑ روپے بقایاجات ہیں، بلوچستان حکومت کی طرف 39 ارب 60 کروڑ روپے اور خیبر پختونخوا کے سرکاری اداروں کی طرف 8 ارب 88 کروڑ روپے کے بقایا جات ہیں۔ 

قومی خبریں سے مزید