وزیراعظم شہباز شریف کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے ذریعے 4 کروڑ 40 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ 16 تا 22 دسمبر 143 مخصوص اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ 4 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے. عزم ہے کہ 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں تک ویکسین کی رسائی ممکن بنائی جائے۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن نے مزید کہا کہ اپیل کرتی ہوں کہ پولیو ورکرز کے لیے اپنے دروازے کھولیں۔ 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیو ویکسین مکمل طور پر محفوظ، مؤثر اور بالکل مفت دی جاتی ہے۔ مہلک بیماریوں سے تحفظ کےلیے حفاظتی ٹیکوں کا مکمل کورس بےحد ضروری ہے۔
عائشہ رضا فاروق نے یہ بھی کہا کہ پولیو کے خلاف جاری جدوجہد میں ہمارے فرنٹ لائن ورکرز حقیقی ہیرو ہیں۔ مشکل حالات میں کام کرنے والے بہادر فرنٹ لائن ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔