• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز چین سے کینسر کے علاج کی جدید ٹیکنالوجی لیکر آ رہی ہیں: عظمیٰ بخاری


وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز چین سے کینسر علاج کی جدید ٹیکنالوجی پاکستان لے کر آ رہی ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز پہلی وزیرِ اعلیٰ ہیں جنہیں چین کے سرکاری دورے کی دعوت ملی، ان کو چین کے ہیڈ آف اسٹیٹ کا مرتبہ ملا اور سرکاری پروٹوکول دیا گیا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ چین کا نظام حکومتی پارٹی کے ذریعے چلتا ہے، چین کے وائس چیئرمین نے مریم نواز سے ایک گھنٹہ ملاقات کی، چین کے وائس چیئرمین آدھا گھنٹہ بھی کسی سے ملاقات نہیں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کسانوں کے پاس بھی وہ آلات ہوں گے جو پوری دنیا میں استعمال ہوتے ہیں، مریم نواز نے چینی حکومت سے کہا ہے اپنے پلانٹ پاکستان میں لگائیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ چین سے 700 کے قریب الیکٹرک بسیں خریدنی ہیں جو دسمبر کے آخر میں آجائیں گی، ساری ٹرانسپورٹ کو 5 سال کے اندر اندر الیکٹرک کرنا ہے، صحت اور تعلیم کے حوالے سے مریم نواز نے میٹنگز کی ہیں۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ مریم نواز نے لاہور کو اسمارٹ سیف سٹی بنانے کا عزم کیا ہے، الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے لیے چارجنگ اسٹیشن لگانے جا رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید