بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کی درخواست پر سول نافرمانی کی تحریک کچھ دن کےلیے مؤخر کردی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی نے کہا میرے مطالبات نہ مانے گئے تو سول نافرمانی کی کال دوں گا۔ مجھے ملک کی فکر ہے، سول نافرمانی پر تھوڑے دن انتظار کرلیتا ہوں۔
راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے بانی سے کہا ہے کہ سول نافرمانی پر تھوڑے دن رک جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’بانی پی ٹی آئی نے کہا مجھے ملک کی فکر ہے، میں تھوڑے دن انتظار کر لیتا ہوں۔‘
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت میرے یہ 2 مطالبات پورے کردے۔ انہوں نے یہی مطالبات دے کر اپنے لوگوں کو حکومت کی طرف بھیجا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اگر میرے دو مطالبات نہ مانے گئے تو سول نافرمانی کی کال دوں گا۔