چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی نے جوڈیشل کمیشن کے دو سیشنز کی صدارت کی۔ ججز تعیناتی رولز کے ڈرافٹ کا جائزہ لینے کےلیے 11 بجے اجلاس ہوا جو 8 گھنٹے جاری رہا۔ اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اس میں کہا گیا کہ جوڈیشل کمیشن نے اجلاس کے دوران مانگی گئی عوامی رائے کا بھی جائزہ لیا۔
دوسرے سیشن میں آئینی بینچز کےلیے نامزد کردہ ججز کی مدت میں 6 ماہ کی توسیع کی گئی، آئینی بینچ کی توسیع اجلاس میں موجود ممبران کی اکثریت سے کی گئی، اجلاس میں پہلے سے نامزد ججز پر مبنی آئینی بینچ کی توسیع کی گئی۔
اجلاس میں جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل بھی شریک ہوئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق، چیف جسٹس بلوچستان جسٹس محمد ہاشم کاکڑ، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم اور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس شفیع صدیقی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے جوڈیشل کمیشن اجلاس میں شرکت کی۔
سینیئر جج لاہور ہائیکورٹ جسٹس شجاعت علی، سینئر جج پشاور ہائیکورٹ جسٹس اعجاز انور، سینیئر جج بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس اعجاز سواتی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ سربراہ آئینی بینچ سندھ ہائیکورٹ جسٹس کریم خان آغا نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اعلامیہ کے مطابق وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان، اراکین قومی اسمبلی شیخ آفتاب، بیرسٹر گوہر علی، سینیٹر بیرسٹر علی ظفر، سینیٹر فاروق حامد نائیک نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
جوڈیشل کمیشن اجلاس میں روشن خورشید بروچہ اور اختر حسین نے بھی شرکت کی۔