سفر چاہے کتنا ہی طویل ہو وہ کٹ ہی جاتا ہے اگر ایسے میں کوئی خیال رکھنے اور ہمدردی کرنے والا ساتھی مسافر مل جائے تو سفر کا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسی ہی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک مسافر کو عاجزانہ طور پر ساتھی مسافروں کو گرم چائے پیش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ٹھہریے! وائرل ویڈیو میں دکھائی دینے والے مناظر کسی بس یا ٹرین کے نہیں ہیں بلکہ یہ بھارتی نجی ایئر لائن کے ہیں، جہاں ایک مسافر نے 36 ہزار فٹ کی بلندی پر چائے پیش کر کے ساتھی مسافروں کو حیران کر دیا۔
یوں تو ہوائی جہاز میں کھانے پینے کی اشیاء لانے کی معمانعت ہوتی ہے لیکن مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مسافر دیگر مسافروں کو اپنے تھرماس سے گرما گرم چائے پیش کر رہا ہے۔
فضائی مسافروں کے لیے ریلوے کی طرز کی سروس کے مناظر پیش کرتی مذکورہ ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔
سوشل میڈیا صارفین وائرل ویڈیو پر ملے جلے تاثرات پیش کر رہے ہیں۔
بعض صارفین چائے پیش کرنے پر مسافر کی تعریف کر رہے ہیں تو بعض کے مطابق یہ قانون کے خلاف ہے۔
اس وائرل ویڈیو کو اب تک 6 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے جبکہ تقریباً 10 ہزار صارفین اس پر تبصرہ بھی کر چکے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا ہے کہ مسافر جہاز میں تھرماس کیسے لے کر آ گیا؟ ایک اور صارف کے مطابق بھارتی جہاں بھی ہوں گے ان سے یہ امید کی جا سکتی ہے۔
ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ غیر ملکی بھارتی ایئر لائنز کے خلاف باتیں کرتے ہیں، ایک اور صارف کے مطابق یہ رویہ غیر پیشہ ورانہ ہے۔