• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید بھٹو کی طرح شہید محترمہ بھی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی تھیں: چیئرمین پیپلز پارٹی

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری---فائل فوٹو
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری---فائل فوٹو 

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید بھٹو کی طرح، شہید محترمہ بھی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی تھیں، وہ قائدِ عوام کی طرح مزدور، کسان اور پسماندہ طبقات کو قومی ترقی کی بنیاد سمجھتی تھیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے شہید بے نظیر بھٹو کو 17ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کی بے مثال قربانیوں، غیر متزلزل قیادت اور ملک کے لیے پائیدار میراث کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔

بے نظیر بھٹو کے یومِ شہادت پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بی بی شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے خواب کو حقیقت بنانا ہے، ان کا خواب ایک جمہوری، ترقی پسند اور جامع پاکستان ہے، ان کا خواب ایسا پاکستان ہے جہاں ہر فرد کی عزت و تکریم کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ شہید بی بی کے اس خواب کو حقیقت بنائیں، وہ خواب جس میں پاکستان سیاسی، سماجی اور معاشی استحصال سے پاک ہو، وہ دن دور نہیں جب شہید محترمہ کے انصاف پر مبنی پاکستان کا وژن حقیقت بنے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محترمہ شہید کی زندگی جراّت، استقامت اور پاکستانیوں کے لیے امید کی علامت تھی، ان کی جدوجہد اور زندگی قائد عوام کے وژن سے گہرائی سے جڑی تھی، شہید محترمہ صرف سیاسی شخصیت نہیں، بلکہ مظلوم، محکوم اور پسماندہ طبقات کے لیے امید کی کرن تھیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مساوات اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنے والد کے وژن سے بی بی شہید کی غیر متزلزل وابستگی ہم سب کے لیے ایک تحریک ہے، شہید محترمہ کی مصالحت، مشاورت اور مختلف نقطۂ نظر کو سمجھنے کی فلسفیانہ سوچ نے ایک جدید اور روشن پاکستان کی بنیاد رکھی، ان کی میراث کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بی بی شہید نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں ہر شہری کو برابری کے مواقع اور وسائل تک رسائی حاصل ہو، شہید محترمہ کے انسانی آزادی اور جمہوری اقدار کے فلسفے پر عمل پیرا ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہم دہشتگردی، انتہا پسندی اور ملکی استحکام کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی قوت کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم کی عالمی ایشوز پر لیگیسی مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین، کشمیر سمیت تصفیہ طلب عالمی ایشوز پر بی بی شہید کے وژن سے رہنمائی لیتے رہیں گے، بی بی شہید کی مدبرانہ قیادت عالمی چیلنجوں سے نمٹنے اور مظلوم قوموں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے میں ایک رہنما اصول کے طور پر کام کرتی ہے۔

بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ہم ان اہم عالمی ایشوز پر اپنے مؤقف پر ثابت قدم ہیں، جمہوریت اور آئینی حکمرانی کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے قوم متحد ہو جائے، بی بی شہید کی زندگی استقامت اور اپنی ذات بھلا کر عظیم مقصد کے لیے خود کو وقف کرنے کا سبق دیتی ہے۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ کارکنان اور قوم سے بی بی شہید کے جمہوریت، رواداری، سماجی انصاف کے اصولوں سے وابستگی کی تجدید کی اپیل ہے، شہید بی بی کی زندگی اور قربانی منصفانہ اور مساوی معاشرے کے لیے ان کی جدوجہد کا لازوال ثبوت ہے۔

قومی خبریں سے مزید