• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

91 سالہ آشا بھوسلے کی گانے’توبہ توبہ‘ پر ڈانس کرتے ویڈیو وائرل


معروف بھارتی گلوکارہ آشا بھوسلے کی مشہور گانے ’توبہ توبہ‘ پر ڈانس کرتے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر وائرل ویڈیو میں آشا بھوسلے نے دبئی کنسرٹ میں اداکار وکی کوشل کی فلم ’بیڈ نیوز‘ کے مشہور گانے ’توبہ توبہ‘ کو اپنے انداز میں گا کر شائقین موسیقی کو حیران کر دیا۔

اُنہوں نے ناصرف گانے کو اپنے انداز میں گایا بلکہ اس پر ڈانس بھی کیا۔

آشا بھوسلے کی آواز میں اس گانے کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے اور گلوکارہ کے اس گانے پر ڈانس کرنے کے انداز کی بھی خوب تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

اس گانے کے اصل گلوکار کرن اوجلا نے اپنی انسٹا اسٹوری پر آشا بھوسلے کی پرفارمنس پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے لکھا کہ موسیقی کی زندہ دیوی نے ابھی ابھی ایک گانا ’توبہ توبہ‘ گایا ہے، یہ گانا ایک ایسے بچے کا لکھا ہوا ہے جس نے ایک چھوٹے سے گاؤں میں پرورش پائی جس کا موسیقی کی دنیا سے کوئی تعلق نہیں تھا اور نہ ہی اسے موسیقی کا کوئی علم تھا۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ اس گانے کی موسیقی کی دھن ایک ایسے شخص نے تخلیق کی تھی جو کوئی ساز بجانا نہیں جانتا تھا مگر پھر بھی اس گانے کو ناصرف شائقینِ موسیقی کی جانب سے بلکہ کئی نامور فنکاروں کی طرف سے بھی بہت پیار اور پزیرائی ملی ہے لیکن اس گانے کو آشا بھولے کی آواز میں سننا واقعی ایک شاندار لمحہ ہے اور اس لمحے کو میں کبھی نہیں بھولوں گا۔

گلوکار نے لکھا ہے کہ میں آشا بھوسلے کا شکر گزار ہوں، اُنہوں نے مجھے اپنی اس پرفارمنس سے مجھے ایسی مزید دھنیں تخلیق کرنے اور ایسی مزید یادیں اکٹھی کرنے کی ترغیب دی ہے۔

دوسری جانب وکی کوشل نے بھی اپنی انسٹا اسٹوری پر آشا بھوسلے کی پرفارمنس کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ آشا بھوسلے لیجنڈ ہیں۔