پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی۔ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ایرانی سفیر نے وفد کی صورت میں ملاقات کی اور اُن کی صحت کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
فضل الرحمان اور ایرنی سفیر کی ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات، علاقائی صورتحال، غزہ میں جاری ناجائز صہیونی ریاست کی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر رضا امیری مقدم نے کہا کہ فلسطین کی حمایت پر جے یو آئی کی کاوشوں اور غزہ یکجہتی مظاہروں پر سلام پیش کرتا ہوں، بالخصوص آپ جیسے مدبر سیاسی رہنما سے صلاح مشورہ ضروری سمجھتا ہوں۔
فضل الرحمان نے دوران گفتگو کہا کہ عالم اسلام فلسطینیوں کی حمایت میں مضبوط آواز بلند کرے، پاکستان، ایران، ترکیہ، سعودی عرب، ملائیشیا دفاع غزہ اور اسرائیل کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے عوام کے ساتھ مل کر پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنےکی سازش دفن کردی۔
ملاقات میں مرکزی ترجمان جے یو آئی اسلم غوری، سابق ایم این اے مولانا محمد قاسم اور مفتی ابرار بھی شریک تھے۔