خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ کرم میں اگلا مرحلہ اسلحے کی حوالگی کا ہے جو شروع ہوگا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ اب اگلے مرحلے میں کرم میں اسلحہ حوالگی کا عمل شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسلحہ کی حوالگی اور بنکرز کا خاتمہ ہی وہی نکات تھے، جن پر زیادہ وقت لگا، اسلحہ کی موجودگی سے تنازع کی صورت میں شدت بڑھ جاتی تھی۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ اس معاہدے میں اہم بات فریقین کی آپس میں مشاورت کرنا ہے، ہم نے فریقین کو مشاورت کےلیے وقت بھی دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اب کرم میں امن کی طرف راستہ کھل گیا ہے، پائیدار امن قائم کرسکیں گے، اس معاملے کے حل میں بڑا کردار وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا تھا۔
بیرسٹر سیف نے یہ بھی کہا کہ معاہدہ ہوگیا ہے دیگر اقدامات بھی کرنے والے ہیں، کرم شاہراہ کی سیکیورٹی کےلیے 400 سے زائد اہلکار بھرتی کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قافلوں کی حفاظت کےلیے اہلکاروں کو بلٹ پروف گاڑیاں بھی دی جارہی ہیں، پہلے مرحلے میں قافلے اور پھر دوسرے مرحلے میں سڑک مکمل کھل جائے گی۔