وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی دوسروں کو کہتے تھے رسیدیں دکھاؤ، اب آپ بھی رسید دکھاؤ۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری تحائف کی رسید دکھا دیں، آپ کو کچھ نہیں کہا جائے گا، جو شخص جوڈیشل ریمانڈ پر ہوتا ہے تو رہائی عدالت سے ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بھی بانیٔ پی ٹی آئی کے بنائے جھوٹے کیس بھگتے، ہم نے مقدمے لڑ کر عدالتوں سے رہائی حاصل کی، باہر کسی کے پاؤں نہیں پڑے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ آئین و قانون کے دائرے میں جو مطالبہ ہو گا حکومت اس پر غور کرے گی، امید کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی کے دوست بھی کھلے دل سے مذاکرات کریں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ سنجیدگی سے بات چیت کر رہے ہیں، ہم تحریکِ انصاف کو میثاقِ معیشت کی دعوت دیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ سڑکوں پر فساد اور انتشار نہ ہو۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی اڑان 5 سالہ منصوبہ ہے، ہماری آئی ٹی ایکسپورٹ کم نہیں ہوئیں، 34 فیصد بڑھی ہیں۔