پنجاب پولیس کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے دوران اندھڑ گینگ کا ڈاکو ہلاک ہو گیا۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق کچہ ماچھکہ میں رحیم یارخان پولیس کی جانب سے کی گئی کارروائی میں اندھڑ گینگ کا ڈاکو ہلاک ہوا ہے جس کے قبضے سے کلاشنکوف اور سیکڑوں گولیاں برآمد ہوئی ہیں، ڈاکو سب انسپکٹر رمضان سمیت 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث تھا۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو کی شناخت میر حسن عرف بگا چانڈیہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر سوتر کے بچاؤ بند پر ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی میں ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ کچے کے علاقے میں کریمنلز کے خاتمے تک انٹیلیجنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہیں گے۔