• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فتنہ خوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آ چکا ہے: وزیر اعظم شہباز شریف

 
وزیراعظم شہبازشریف---فائل فوٹو
وزیراعظم شہبازشریف---فائل فوٹو 

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں جو گھس بیٹھیے موجود ہیں، خاص طور پر خیبر پختون خوا میں، ان کے خلاف صوبے وفاق اور اداروں کے ساتھ مل کر مربوط پلان بنائیں، فتنہ خوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آ چکا ہے۔

وزیرِ اعظم شہبازشریف نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خطاب کے دوران تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔

انہوں نے کہا کہ قومی مفاد سب سے سپریم ہے، گزشتہ روز ہم نے پاکستان کی خوش حالی کے ایجنڈے پر بات چیت کی، صوبوں کے ساتھ مل کر امن و امان کی صورتِ حال کو بہتر بنایا جائے گا، پاکستان قائم و دائم رہے گا۔

وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ سرحد پار سے حملے میں ملوث دہشت گردوں کو بھرپور جواب دیا گیا، اتحاد اور اتفاق سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دشمن مذموم مقاصد کے لیے گھات لگائے بیٹھا ہے، پاکستان سے باہر ایجنٹ بیٹھے ہیں، دوست نما دشمن باہر بیٹھے ہیں، یہ پاکستان کے خلاف کمپین چلا رہے ہیں، جو بہت بڑا خطرہ ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد پر یلغار ہوئی، سوشل میڈیا پر جھوٹ کا طوفان اٹھایا گیا، سوشل میڈیا پر حقائق کو مسخ کرکے پروپیگنڈا کیاجاتا ہے، ڈیجیٹل محاذ پر پاکستان کے خلاف زہر اگلا جا رہا ہے، بیرونِ ملک بیٹھے عناصر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، ڈیجیٹل دہشت گردی سے نمٹنے کیلیے اقدامات کی ضرورت ہے، صوبے اور وفاق سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

اجلاس سے خطاب کے دوران شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کے خلاف کمپین چلا رہے ہیں، یہ بہت بڑا خطرہ ہے، اسلام آباد پر چڑھائی ہوئی، رینجرز کے جوان شہید ہوئے، پولیس، پاک فوج کے جوان اور افسران جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

ذاتی پسند ناپسند کوئی نہیں، پاکستان کا مفاد ترجیح ہے، جوقربانی دے رہے ہیں وہ بھی ماوں کے سپوت ہیں، افسران،جوانوں کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہوگا، ملک کے کونے کونے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا ہے، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہم سب کا فرض ہے۔

دشمن کے حملوں کو ناکام بنانے کے لیے پولیس کی تربیت اور استعدادکار میں اضافہ کرنا ہوگا، پاکستان کے اندردشمنوں کے سہولت کار موجود ہیں، دشمن کے سہولت کار پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے سازشوں میں مصروف ہیں، خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں دشمن ہمیں نقصان پہنچانے کے لیے کارروائیوں میں مصروف ہے، ہمیں معلوم ہے کہ ملک دشمنوں کو کون کون سے ممالک سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید