• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جب سے زمام حکومت سنبھالی ہے ،معیشت کے ہر شعبے میں تعمیر وترقی کیلئے غیر معمولی اقدامات کررہی ہیںجن کا پہلے سے کوئی تصور نہیں تھا۔ان کا تازہ ترین اقدام صوبے میں زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن ہے،جس کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔اس پروگرام کے تحت 8ہزار ٹیوب ویل شمسی توانائی پر منتقل کیے جائیں گے۔اس مقصد کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع بھی کردی گئی ہے۔کم از کم ایک ایکڑاراضی کے مالکان درخواستیں دے سکیں ۔حکومت پنجاب زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن کیلئے9ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔کاشتکاروں کو دس کلوواٹ تک شمسی بجلی پیدا کرنے کیلئے 5لاکھ،15کلوواٹ تک ساڑھے سات لاکھ روپےاور 20کلوواٹ تک کیلئے دس لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی۔کاشتکاروں کو یہ سہولت بھی دی گئی ہے کہ وہ گھر بیٹھے سولرائزیشن کیلئے درخواستیں دے سکتے ہیں۔درخواست فارم حاصل کرنے کیلئے انہیں سرکاری دفتروں کے چکر نہیں کاٹنے پڑیں گے۔وہ درخواست فارم آن لوڈ بھی کرسکتے ہیں۔ملک میں بجلی کے نرخ جس رفتار سے بڑھے ہیں،اس کے نتیجے میں بل ماضی کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہوگئے ہیں اور عام آدمی کیلئے ان کی ادائیگی ناممکن ہوگئی ہے۔ٹیوب ویلوں کے بل بڑھ جانے سے کاشتکاروں کیلئے اناج پیدا کرنا بہت مہنگا پڑرہا ہے۔اس صورتحال میں زراعت جو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہے،کو نقصان پہنچا ہے اور کاشتکار کو اس کی محنت کامناسب معاوضہ نہیں مل رہا۔ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن سے اس کو مہنگی بجلی کے بھاری بلوں سے نجات ملے گی اور زرعی پیداوار میںبھی اضافہ ہوگا۔،جس سے معاشی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے درست کہا ہے کہ اس اقدام سے کاشتکار خوشحال ہونگے۔

تازہ ترین