وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اتحادی حکومت میں ہلکی پھلکی موسیقی چلتی رہتی ہے، آپس کی باتوں کو اچھی طرح ڈیل کرتے ہیں۔
کراچی میں وزیرِ منصوبہ بندی سندھ ناصر حسین شاہ کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی دو بڑی سیاسی جماعتیں ہیں، جن کے اپنے اپنے نظریات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاں ملک کا مفاد ہوتا ہے وہاں دونوں جماعتیں اپنے مفاد کو نہیں دیکھتیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی مل کر ملک کے مفاد کے لیے کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اُڑان پاکستان ملک کے مستقبل کا منصوبہ ہے جو سیاست سے بالا تر ہے، پی پی ہماری اتحادی ہے، ان کے تعاون سے حکومت میں یہ پروگرام چلا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اڑان پاکستان کے معاملے پر خیبر پختون خوا حکومت کو بھی اعتماد میں لیا گیا، ملک کو ٹیکنالوجی کی معیشت پر ڈالنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ خزانہ این ایف سی کا اجلاس بلا رہے ہیں، انہوں نے اعلان کر دیا ہے، سائبر اسپیس ایک نیا محاذ ہے، ہر ملک اپنے سائبر اسپیس کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا ہے کہ آئی ٹی بزنس کا تحفظ بھی حکومت کی ذمے داری ہے، 34 فیصد سافٹ ویئر ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان کو اس وقت غیر اعلانیہ جنگ کا سامنا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 30 ارب ڈالرز کی ایکسپورٹ کو 100 ارب تک کیسے لے کر جائیں؟ اس میں 8 یا 15 سال لگیں گے، اڑان پاکستان کے تحت ہدف کو حاصل کرنے کے لیے صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ احسن اقبال کے ساتھ تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، 10 سال میں پہلی دفعہ پی ایس ڈی پی میں 81 ارب کے قریب شیئر ملا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اڑان پاکستان پروگرام سے بہتری آئے گی۔