• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھناشری ورما نے یزویندرا چاہل سے طلاق کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا
تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی اسپن بولر یزویندرا چاہل کی اداکارہ اہلیہ دھناشری ورما نے ازدواجی تعلقات میں تلخیوں اور طلاق کی افواہوں پر اب اپنی خاموشی توڑ دی ہے۔

بھارت میں یہ افواہیں زیرِ گردش ہیں کہ یزویندرا چاہل اور دھناشری ورما کے درمیان تعلقات تلخ ہو چکے ہیں اور دونوں نے اپنی راہیں بھی جدا کر لی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ان دونوں نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو اَن فالو بھی کر دیا ہے۔

اسپن بولر یزویندرا چاہل نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اہلیہ کے ساتھ اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کر دی ہیں تاہم ان کی اہلیہ نے شوہر کو صرف اَن فالو کیا ہے لیکن ان کے ساتھ تصاویر کو ڈیلیٹ نہیں کیا ہے۔

اب ان تمام افواہوں کے دوران ہی دھناشری ورما نے خاموشی توڑ کر اپنا ردِعمل ظاہر کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ کچھ دن میرے اور میرے خاندان کے لیے ناقابلِ یقین حد تک سخت رہے ہیں، بے بنیاد تحریریں، حقائق کی جانچ سے عاری اور نفرت پھیلانے والے بغیر چہرے والے ٹرولز کے ذریعے میری ساکھ کو نقصان پہنچانا پریشان کن ہے۔

دھناشری ورما نے لکھا ہے کہ میں نے اپنا نام اور عزت بنانے کے لیے سالوں سخت محنت کی، میری خاموشی کمزوری نہیں بلکہ طاقت کی علامت ہے، منفی چیزیں آسانی سے آن لائن پھیل جاتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ میں سچائی پر توجہ مرکوز کر کے اور اسے تھام کر آگے بڑھتی ہوں۔

اس سے قبل منگل کو یزویندرا چاہل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک مخفی پوسٹ شیئر کی تھی۔

34 سالہ کرکٹر کی اس پوسٹ کے بعد ان قیاس آرائیوں نے اور زیادہ زور پکڑ لیا تھا کہ ممکنہ طور پر انہوں نے اپنی اہلیہ سے کشیدہ تعلقات اور طلاق کی افواہوں کا جواب دیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید