لندن میں زیر علاج پاکستانی اسٹار بیٹر صائم ایوب نے کہا ہے کہ جلد فٹ ہونے کی پوری کوشش کروں گا۔
لندن میں جیو نیوز سے گفتگو میں صائم ایوب نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ کہ کب تک بالکل تندرست ہوسکوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اپنی طرف سے پوری کوشش کروں گا اور میری تندرستی کےلیے ڈاکٹرز بھی پوری کوشش کریں گے۔
صائم ایوب سے سوال کیا گیا کہ 2 سنچریاں بنانے کے بعد پوری ٹیم کو آپ سے بڑی امیدیں ہیں۔
اس پر پاکستانی بیٹر نے جواب دیا کہ صرف ایک کھلاڑی اہم نہیں ہوتا، جیت کےلیے پوری ٹیم مل کر کھیلتی ہے، قوم میری جلد مکمل صحت یابی کیلئے دعا کرے۔
گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود لندن میں زخمی صائم ایوب کو اکیلا چھوڑ کر ملتان پہنچ رہے ہیں۔
پی سی بی نے جوہانسبرگ ٹیسٹ میں زخمی ہونے والے صائم ایوب کے ساتھ اظہر محمود کو لندن بھیجا تھا۔
وہ اب ویسٹ انڈیز سے سیریز کے سلسلے میں ملتان میں جمعے سے شروع ہونے والے ٹیسٹ سے قبل پاکستان پہنچیں گے۔