• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کل فیصل آباد کے طالب علم نے کہا آپ کو دیکھ کر پتہ چلا ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کل فیصل آباد کے ایک طالب علم نے مجھ سے کہا ’آپ کو دیکھ کر پتہ چلا ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے۔‘

اوکاڑہ یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ میں اپنے حقیقی بچوں سے زیادہ قوم کے بچوں سے محبت کرتی ہوں، میں قوم کے بچوں سے اپنا رشتہ کسی صورت کمزور نہیں ہونے دوں گی۔

انہوں نے کہا کہ کل فیصل آباد میں ایک طالب علم نے کہا اسے مجھے دیکھ کر پتہ چلا کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ذہین مگر مستحق بچوں کو جدید ترین لیپ ٹاپ کی سہولت ضرور دیں گے، اب ماں باپ کو بچوں کی فیس کیلئے گھر کی کوئی چیز نہیں بیچنا پڑے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ آپ کا کسی بھی جماعت سے تعلق ہو اگر اسکالرشپ کے حقدار ہیں تو ضرور ملے گی۔

مریم نواز نے اس دوران اوکاڑہ میں میڈیکل کالج بنانے کا اعلان اور اگلے سال 1 لاکھ ای بائیکس، 50 ہزار اسکالرشپ دینے کا وعدہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہونہار اسکالرشپ اسکیم میں میرٹ کا خیال رکھا، تقریب میں موجود کوئی یہ نہیں کہہ سکتا ہے کہ اسے اسکالرشپ سفارش پر ملی۔

دوران تقریب وزیر اعلیٰ پنجاب کو تصاویر اور پورٹریٹ تحفے میں دیے گئے، اختتام میں وزیر اعلیٰ پنجاب طالبات میں گھل مل گئیں، بچیوں کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔

قومی خبریں سے مزید