کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی کر کٹ ٹیم کےسابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ نوجوان بیٹر صائم ایوب آئندہ ماہ پاکستان میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیل سکیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہد آفریدی نے صائم ایوب سے فون پر ہونے والی گفتگو کے بعد بتایا کہ انہیں صحت یاب ہونے میں مزید تین ہفتے درکار ہیں جس کے بعد ان کی بحالی کا عمل شروع ہوگا۔سابق کپتان نے کہا کہ میں نے صائم کو مشورہ دیاہے کہ واپسی میں جلد بازی نہ کریں۔ اگر تکلیف ہو تو مکمل آرام کے بعد ٹیم میں واپس آئیںتاکہ انجری کی صورتحال آگے چل کر مزید گھمبیر نہ ہو اور کیریئر کو کوئی خطرہ نہ ہو۔شاہد آفریدی نے صائم ایوب کی چیمپئنز ٹرافی سے قبل انجری کو ٹیم کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جس فارم میں کھیل رہے تھے۔ ان کا زخمی ہونا قومی ٹیم کے لیے تشویش کا باعث ہے، کیونکہ پاکستان ٹیم میں ان کا بیک اپ نہیں ہے۔